کولکاتہ،11؍مارچ(ایس او نیوز؍ایجنسی) مغربی بنگال کی سیاست میں آج اس وقت گھمسان تیز ہوگیا جب ترنمول کانگریس کی سربراہ اور ریاست کی وزیراعلیٰ ممتابنرجی نندی گرام میں اپنی گاڑی میں سوارہوتے وقت گرگئیں اور ان کے پاؤں میں زبردست چوٹ آئی،جس کے فوری بعد انہیں کولکاتہ کے اسپتال میں داخل کیا گیا۔
انہوں نے آج ہی نندی گرام سے اسمبلی انتخابات کیلئے پرچہ نامزدگی داخل کیاہے-اس واقعہ کے بعد ممتا بنرجی نے بتایا کہ 4یا 5 لوگوں نے گاڑی کو مکمل طور پر روک لیاتھا-کسی نے زورسے دھکادیااور میں گرپڑی، مجھے بہت چوٹ پہنچی ہے- مقامی پولیس میں سے کوئی نہیں تھا-اس وقت ان کے ساتھ سکیورٹی اہلکار بھی موجود نہیں تھے- انہوں نے کہا کہ ضرور ایک سازش ہے- یہ جان بوجھ کر کیا گیا ہے-
ممتا بنرجی نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے اس معاملے کی شکایت کی جائے گی- دوسری جانب بی جے پی نے کہا ہے کہ ممتا بنرجی عوامی ہمدردی لینے کیلئے ڈرامہ کررہی ہیں -وہ ریاست کی وزیراعلیٰ ہیں،4آئی پی ایس افسر، ان کے سکیورٹی انچارج ہیں،پوری انتظامیہ ان کے ہاتھ میں ہے،پوری ریاستی پولیس ان کے ساتھ ہے،ایسے میں کوئی ان پر حملہ کیسے کرسکتاہے؟-اس کے باوجود کسی نے اس طرح کی حرکت کی ہے تو اس حملہ کی تحقیقات کرائی جائیں -اس سے قبل پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بی جے پی کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میرے ساتھ ”ہندو کارڈ“ کھیلنے کی کوشش نہ کریں، میں ایک برہمن خاندان میں پیدا ہونے والی بیٹی ہوں، اس لئے مذہب نہ سکھایا جائے-
خیال رہے کہ بی جے پی مسلسل ممتا بنرجی پر تنقید کرتی رہی ہے اور ان پر اقلیتوں کو خوش کرنے کا الزام عائد کرتی رہی ہے- ممتا بنرجی نے کہا کہ برہمن خاندان میں پیدا ہونے کی وجہ سے مجھے کوئی بھی مذہب سکھانے کی کوشش نہیں کرسکتا ہے- ہندو مسلم کی جنگ کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا- ممتا بنرجی نے کہا کہ جو لوگ یہاں 30 بنام 70 کر رہے ہیں انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ اس کا کوئی فائدہ نہیں ہونے والا ہے- میں روزانہ سنسکرت کا شلوک پڑھتی ہوں -